بھوپال، یکم جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ملک میں نو ٹ بند ی کے بعد انکم ٹیکس محکمہ کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔حکومت ہو یا معاشرہ، ہر کوئی اس محکمہ کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہا ہے، لیکن آپ یہ سن کر تعجب میں پڑ جائیں گے کہ اس محکمہ میں افسران اور ملازمین کی تعداد کتنی ہے، اس کی تفصیل محکمہ کے پاس ہی نہیں ہے۔ملک میں نوٹ بند ی کا اعلان 8 /نومبر کو کیا گیاتھا۔ حکومت نے جو وعدے کئے ہیں، ان میں بلیک منی باہر لانے کا بھی ایک وعدہ شامل ہے،حکومت کے اس کو وعدے کیا پورا کرنے کی سب سے اہم ذمہ داری محکمہ انکم ٹیکس پرہی ہے، کیونکہ یہی محکمہ بینک اکاؤنٹس میں جمع رقم سے لے کر آمدنی سے زیادہ املاک پر نظر رکھ کر کارروائی کرنے والا شعبہ ہے۔حق اطلاعات کے تحت محکمہ کی معلومات چونکانے والی ہے۔مدھیہ پردیش کے نیمچ ضلع کے رہائشی آرٹی آئی کارکن چندر شیکھر گوڑ نے مرکزی براہ راست ٹیکس بورڈ (سی بی ڈی ٹی)سے جاننا چاہا تھا کہ محکمہ میں کل کتنے افسر ان اور ملازمین ہیں، کتنا مین پاور کم ہے اور گزشتہ پانچ سالوں میں کتنی تعداد میں ملازم اور افسران ریٹائرڈ ہوئے ہیں اور اس کے بدلے میں کتنی تقرریاں ہوئی ہیں،اس کی تفصیل دی جائے۔گوڑ کو4 /اگست 2016کو مرکزی پبلک انفارمیشن آفیسر محکمہ انکم ٹیکس (ایچ آرڈی)پردیپ نے جو جواب بھیجا اس میں کہا گیاکہ آپ نے جو معلومات چاہی ہے وہ ان کے دفتر میں دستیاب نہیں ہے۔یہاں یہ بتاناضروری ہے کہ ملک میں نوٹ بند ی کے اعلان سے پہلے انکم ٹیکس محکمہ کے پاس جو ذمہ داریاں تھیں، وہ تو اب بھی ہیں، وہیں نوٹ بند ی کے اعلان کے بعد اس کی ذمہ داری اور بھی بڑھ گئی ہے۔اب اسے یہ بھی پتہ لگانا ہوگا کہ نوٹ بند ی کے بعد کتنے بینک اکاؤنٹس میں ڈھائی لاکھ سے زیادہ کی رقم آئی ہے۔گوڑ نے بتایاکہ مرکزی حکومت ٹیکس وصولی بڑھانے کی بات کرتی ہے، یہ ٹھیک بھی ہے مگر ان کے دماغ میں ایک سوال بھی تھا کہ کیا حکومت کی منشا کو پورا کرنے کے لیے محکمے میں ضروری تعداد میں اسٹاف ہیں بھی یا نہیں۔اسی حقیقت کو جاننے کے لیے آرٹی آئی کے تحت معلومات طلب کی تھی،جو معلومات آئی ہے وہ حیرت میں ڈالنے والی ہے۔محکمہ انکم ٹیکس میں ملازمین اور افسران کی قلت ہے، اس بات کا اعتراف انکم ٹیکس ملازم فیڈریشن کے قومی نائب صدر یشونت پروہت نے بحث کرتے ہوئے کیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ ملک میں انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ میں کل 70ہزار عہدے ہیں، مگر اس وقت تقریبا 48ہزار ملازم ہی کام کررہے ہیں، اس طرح 23ہزار سے زیادہ ملازمین کے عہدے خالی ہیں۔وہ آگے کہتے ہیں کہ، یہ بات صحیح ہے کہ نوٹ بند ی کے بعد ان کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے، مگر ملازمین کی کمی سے انہیں جوجھنا پڑ رہا ہے۔وہ مانتے ہیں کہ ملازم ریٹائرڈ تو ہو رہے ہیں، لیکن اس تناسب میں بھرتی نہیں ہو پا رہی ہے،ایک طرف محکمہ کے پاس ملازمین کی تعداد کی تفصیلات نہیں ہے تو دوسری طرف بھرتی کا عمل سست ہے، ایسے میں محکمہ اپنی بڑھی ہوئی ذمہ داری کو بخوبی کس طرح ادا کر پائے گا اور حکومت کی منشا کس طرح مکمل ہو گی، یہ سوال اٹھنے لگے ہیں۔